بھٹکل :23/ستمبر (ایس او نیوز)محکمہ تعلیم ضلع شمالی کینرااور بلاک ایجوکیشن آفس بھٹکل کے اشتراک سے للیتا شانبھاگ ہال میں ناریل کے بند پھولوں کو کھولتے ہوئے ضلع سطح کے پرتبھا کارنجی کلااتسوا کا افتتاح عمل میں آیا۔
پرائمری اورہائی اسکول سطح کے کلا اتسوا کا افتتاح کرتے ہوئے ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے کہا کہ طلباء کے اندر بہت ساری فنکارانہ صلاحیتیں پائی جاتی ہیں۔اساتذہ کوچاہیے کہ ان کے اندر موجودان صلاحیتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وقتاً فوقتاً بچوں کو ایسے مواقع فراہم کریں جہاں ان کے فن کا مظاہرہ ہوسکے۔ایسے مقابلوں میں جیت یا ہار اہم نہیں ہوتی ہے بلکہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع اہم ہوتا ہے۔
اس پروگرام کی صدارت ایم ایل اے منکال ویدیا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پرتبھا کارنجی مقابلوں کے لئے بہت ہی کم فنڈ جاری ہونے کے باوجود میں نے اپنے طور پرکوشش کی ہے کہ ہمارے علاقے میں اس پروگرام کے لئے کوئی مالی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح کے پرتیبھا کارنجی کے لئے حکومت کی طرف سے پہلےڈھائی لاکھ روپئے منظورہوتے تھے، مگر اس بار اس میں اضافہ کرتے ہوئے چار لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ آگے بتایا کہ تعلیم سے بچوں کی صلاحتیں ابھرتی ہیں اور ان کے اندر زندگی کے آداب آجاتے ہیں۔اس لئے اساتذہ کو چاہیے کہ بچوں کے اندر اعلیٰ اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے کی طرف توجہ دیں۔
پروگرام میں بھٹکل تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا، سندھو بھاسکر نے بھی موقع کی مناسبت سے بات کی۔ ضلع تعلیمات عامہ کے نائب ڈائرکٹر اے بی پنڈلک نے استقبال کرنے کے بعد افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ بھٹکل بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار نے شکریہ اداکیا۔ استاد شری دھر شیٹھ ،پرتیبھا کرکیکر ، جیا آچاری نے نظامت کی۔ ڈائس پر ضلع پنچایت کے ممبران ناگماماستی گونڈ، تعلقہ پنچایت اسٹانڈنگ کمیٹی صدر وشنو دیواڑیگا ، جئے لکشمی گونڈ، مہابلیشور نائک، تعلقہ پنچایت نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا ، نیو انگلش ہائی اسکول کے صدر مدرس ایم کے نائک پرائمر ی اسکول اساتذہ سنگھ کے صدر شنکر نائک، وی ڈی مڈیوال ، وغیرہ موجود تھے۔